(ویب ڈیسک)بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ جب افغانستان کی حکومت چلی گئی ہے اور طالبان نے اقتدار پر قبضہ کرلیا ہے، ایسے میں بھارتی حکومت کی حکمت عملی کیا ہے؟۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگریس نے افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد پیدا ہوئے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو ’پراسرار خاموشی‘ توڑ کر ملک کو یہ بتانا چاہئے کہ افغانستان کے حوالے سے ان کی آگے کی پالیسی کیا ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ افغانستان سے بھارتی سفارت کاروں اور شہریوں کی محفوظ واپسی کا کیا منصوبہ ہے۔ پارٹی کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ کانگریس نریندر مودی حکومت سے ایک مضبوط حکمت عملی اور سفارتی عمل کی امید کرتی ہے۔انہوں نے کہا افغانستان کی صورتحال بہت خطرناک موڑ اختیار کرچکی ہے۔ بھارت کی اسٹریٹجک پالیسی افغانستان کے معاملے پر داؤ پرلگی ہے۔ ہمارے سفارت کاروں اور شہریوں کی حفاظت بھی داؤ پر لگی ہے۔ ان حالات میں نریندر مودی اور ان کی حکومت کی خاموشی اپنے آپ میں باعث تشویش بھی ہے اور پراسرار بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اشرف غنی ڈالروں سے بھری 4 گاڑیوں اور ہیلی کاپٹر لیکر فرار ہوئے : روسی سفارتخانے کا انکشاف