(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر پنجاب کے نگراں مشیر کھیل وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض نے سوشل میڈیا ویب سائٹ’ ایکس‘ پر پیغام کے ذریعے اپنے مداحوں کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے آگاہ کیا۔ ایکس پر جاری بیان میں وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے انٹر نیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم وہ فرنچائز کرکٹ جاری رکھیں گے۔
وہاب ریاض کا سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس میں کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) فیملی کوچز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان کے کریئر میں بھرپور پزیرائی کی۔اس کے ساتھ مینٹورز ، ساتھیوں، فینز اور ہر کسی کاشکریہ ادا کرتا ہوں جس نے مجھے اسپورٹ کیا ۔ اُن کامزید کہنا تھا کہ فرنچائز کرکٹ میں آنے والا وقت بہت شاندار ہے۔
دوسری جانب وہاب ریاض کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں لیکن میں ابھی بھی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، فرینچائز کرکٹ کھیلتا رہوں گا، جہاں موقع ملا کھیلوں گا۔ کرکٹ سے بہت کچھ سیکھا ہے چاہتا ہوں کہ نئے آنے والے بچوں کو سکھا سکوں، اگر کوچنگ کا موقع ملا تو ضرور کروں گا۔ وہاب ریاض کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر کے مطابق انہوں نے فرنچائز کرکٹ پر توجہ دینے کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹر وہاب ریاض پنجاب کی نگران حکومت میں وزیراعلیٰ کے مشیر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔