سائفر گمشدگی،چیئرمین پی ٹی آئی پر ایک اور مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)عمران خان کی مشکلات کم نہ ہو سکیں،چیئرمین پی ٹی آئی پر ایک مزید مقدمہ درج کر لیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے سائفر کی گمشدگی کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ میں سائفرکی گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ میں تعینات ڈی آئی جی لیول کے افسران اس معاملے کی انکوائری کررہے ہیں۔
سائفر کی گمشدگی کے معاملے پر ایف آئی اے نے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف سے تحقیقات کیں،ذرائع کا بتانا ہےکہ سائفر گمشدگی پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان نے اٹک جیل میں عمران خان سے پوچھ گچھ کی۔
یہ بھی پڑھیں: استحکام پاکستان پارٹی کی طاقت میں مزید اضافہ،اہم رہنماؤں نے شمولیت اختیار کر لی
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے آفس میں ملاقات کی گئی ہے، شاہ محمود قریشی کو بھی سائفر گمشدگی کے مقدمہ میں نامزد کیا گیا،سائفر تحقیقات میں جے آئی ٹی کی جانب سے اعظم خان کو طلب کیا گیا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان سائفرتحقیقات میں شامل تفتیش ہونے کیلئے جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم کے سامنےپیش ہوگئے،سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کروا رہے ہیں،اعظم خان کو آج جے آئی ٹی نے طلب کیا تھا۔
خیال رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے مراسلے یا سائفرکو بنیاد بنا کر ہی اپنی حکومت کے خلاف سازش کا بیانیہ بنایا تھا جس میں عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خاتمے میں امریکا کا ہاتھ ہے تاہم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سائفر کو لے کر پی ٹی آئی حکومت کے مؤقف کی تردید کی جاچکی ہے۔
اس کے علاوہ سائفر سے متعلق عمران خان اور ان کے سابق سیکرٹری اعظم خان کی ایک آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس میں عمران خان کو کہتے سنا گیا تھا کہ اب ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف یہ کھیلنا ہے کہ اس کے اوپر کہ یہ ڈیٹ پہلے سے تھی جس پر اعظم خان نے جواب دیا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں۔