فیصل آباد:ڈاکٹرز نےآپریشن کے ذریعےنومولود بچی کے پیٹ سے بچہ نکال لیا 

Aug 16, 2024 | 00:07:AM

(24 نیوز ) فیصل آباد کے چلڈرن ہسپتال میں  اپنی نوعیت کا منفرد آپریشن کیا گیا ، ڈاکٹرز نے 25 دن کی بچی کے پیٹ سے بچہ نکال لیا۔ 

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی گاؤں کےرہائشی امانت علی کے ہاں گزشتہ ماہ بیٹی پیدا ہوئی جو دیکھنے میں تندرست تھی لیکن گزشتہ چند روز سے بچی کو پیٹ میں درد کی شکایت تھی اور پیٹ بھی مسلسل پھول رہا تھا، شہری جب نومولود کو لیکر چلڈن ہسپتال پہنچا تو طبی معائنہ اور ٹیسٹ کرانے پر پتہ چلا کہ بچی کے پیٹ میں بچہ ہےجسے کامیاب آپریشن کےذریعے بچی کے پیٹ سے نکال لیا گیا۔

ڈاکٹر کےمطابق یہ ایک نایاب کیس تھا، آپریشن کے بعد بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ،ماہرین کے مطابق  اس کو طبی اصطلاح میں فیٹس اِن فیٹو کہا جاتا ہے، اس طرح کے کیسز بہت کم سامنے آتے ہیں، پہلی بار 1945 میں ایسا کیس سامنے آیا تھا۔

 فیٹس اِن فیٹو کیا ہے؟
یہ ایک کم یاب طبی نقص ہے جسے فیٹس اِن فیٹو یعنی جنین میں جنین کہا جاتا ہے، اس کیفیت کو وینشنگ ٹوئن سنڈروم بھی کہا جاتا ہے۔

فیٹس اِن فیٹو میں یہ ہوتا ہے کہ اس میں جڑواں بچوں کے جنین بنتے ہیں لیکن ایک نامکمل رہ کر ضائع ہونے کے بجائے تندرست بچے میں پیوست ہوجاتا ہے، عام طور پر یہ انسانی باقیات کی صورت میں صحت مند بچے کے پیٹ میں رہ جاتا ہے اور ایک حد تک پروان بھی چڑھتا رہتا ہے۔

برٹش میڈیکل جرنل کی رپورٹ کے مطابق اس طرح کا کیس 5 لاکھ میں سے ایک فرد میں سامنے آتا ہے اور اب تک میڈیکل سائنس کی تاریخ میں دنیا بھر سے 200 سے بھی کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔فیصل آباد میں اس قسم کا یہ پہلا کیس تھا۔

مزیدخبریں