پنجاب، چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے چناب میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بدھ کی رات دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ میں ہونے والی شدید بارش (3 بجے سے صبح 8 بجے کے درمیان تقریباً 100-130 ملی میٹر) کی وجہ سے جمعرات کی شام تک بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہوا اور اس کا تقریباً 230,000 سے 270,000 کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے جس سے سیالکوٹ ضلع میں کوئی سیلاب نہیں آئے گا تاہم، بجوت، ضلع گجرات میں کچھ بستیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
اس کے بالائی کیچمنٹ میں 40-50 ملی میٹر بارش کی وجہ سے جموں توی میں بہاؤ میں اضافے کی بھی توقع ہے لیکن یہ اضافہ بھی محفوظ حدود میں ہے اور اس سے سیالکوٹ کے علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
مرالہ، خانکی، قادر آباد اور ملحقہ دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح 200,000 سے 250,000 کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ملتان، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز کے علاوہ سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ملتان، کوٹ ادو اور مظفر گڑھ کے ڈی سیز کو فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات پہلے سے کر لیے جائیں اور ان علاقوں میں ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو الرٹ کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو آپریشن کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہونا چاہیے، انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے اور دریائی طاسوں میں لوگوں اور مویشیوں کا انخلا یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔