(اویس کیانی) سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف کی جانب سے پنجاب میں 500 یونٹ تک کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی 14 روپے سستی کرنے کا اعلان کیا گیا جس پر اب وزیر اعظم شہباز شریف نے بڑے بھائی کے اعلان کو تاریخی ریلیف پیکج قرار دیتے ہوئے خیر مقدم کیا ہے ۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بجلی صارفین کیلئے تاریخی ریلیف پیکیج کا خیر مقدم کرتے ہیں ، 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف، بلاشبہ میاں محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلی پنجاب کا عوام دوست احسن اقدام ہے،میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر قلمدان سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو حکومت کی اولین ترجیح رکھا.
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں ہم نے وفاقی حکومت کے ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب کاٹ کر بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا جس سے 200 یونٹ والے صارفین مستفید ہو رہے ہیں ،بجلی چوری کے خلاف اقدامات اور بجلی شعبے کی اصلاحات سے اسکا دیر پا و پائیدار حل نکالنے کیلئے کوشاں ہیں،میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں معیشت کے استحکام کے بعد لوگوں کی زندگی آسان کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں،معاشی استحکام کے بعد ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے، عوامی ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،بجلی کی قیمتوں میں کمی کے دیر پا حل کے لیے کام ہو رہا ہے اور اس کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔