(وقاص عظیم)آل پاکستان انجمن تاجران نے 28 اگست کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 28 اگست بروز بدھ ہر طرح کا کاروبار مکمل بند رہےگا،حکومت تاجر دشمن ٹیکس سکیم فوری طور پر واپس لے،انکم ٹیکس ویلیوایشن ٹیبل کسی صورت قابل قبول نہیں،پراپرٹی ویلیو پر اندازے سے انکم نکالنا خلاف قانون ہے،حکومت بجلی کے بلوں میں تمام قسم کے ٹیکسز ختم کرے،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور ظالمانہ سلیبز واپس لی جائیں،اتنا بڑا ڈاکہ کہ بجلی کی ضروت 22 ہزار میگاواٹ ادائیگی 48 ہزار میگاواٹ کی کی جا رہی ہے ۔
صدر انجمن تاجران کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانو ادائیگی 48 ہزار میگاواٹ کی اور پھر بھی لوڈشیڈنگ،بجلی اور گیس کے بلوں نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے،صدر وزیراعظم سمیت تمام وزراء اور سرکاری افسران کلٹس گاڑیاں استعمال کریں،تمام قسم کی مراعات واپس اور مفت بجلی گیس پیٹرول پر پابندی لگائی جائے،رئیل اسٹیٹ کے کاروبار پر لگائی گئی قدغنیں واپس لی جائیں،آٹے دالوں اور اشیائے خورونوش پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے،اشیائے خورد ونوش پر ودہولڈنگ ٹیکس عوام میں خریداری کی سکت ختم کرنے کے مترادف ہے۔
اجمل بلوچ نے اپنے مطالبے میں مزید کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے جاری ایس آر اوز جی 236 اور ایچ 236 فوری واپس لئے جائیں،حکومت کےپاس وقت ہے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر بات کرلے،مسائل کا حل نہ نکالا گیا اگلے مرحلے میں 2 دن کی ہڑتال کا اعلان کر دیں گے۔