(24نیوز)ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف شہری سندھ ہائیکورٹ جاپہنچا،باربار نوٹسز کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر عدالت کا اظہار برہمی،آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزرا محمود اختر نقوی نے موقف اپنایا کہ عوام کےلئے بنیادی اشیا کی خریداری مشکل ہوچکی ہے۔وفاقی حکومت سے پوچھا جائے کہ مہنگائی کو کیوں نہیں روکا جا رہا،حکومتی ادارے ناکام ہوچکے، عدالت عمل داری کا حکم دے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جواب داخل نہ کرائے جانے پر جسٹس محمد علی مظہرنے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ وفاقی ادارے جواب کیوں جمع نہیں کراتے؟بار بار نوٹسز جاری ہوچکے، آخر کب جواب جمع کرائیں گے؟جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت کی جانب سے جواب داخل کرائے جانے کی یقین دہانی کرادی۔بعدازاں عدالت نے وفاقی اداروں سےجواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔