فلم انڈسٹری کی ’’ہیر ‘‘ انتقال کر گئیں

Dec 16, 2020 | 11:43:AM

(24نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فردوس بیگم انتقال کرگئیں، ان کی عمر 73سال تھیں۔

خاندانی ذرائع نے فردوس بیگم کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دو روز سے لاہور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں، جہاں وہ آج دوران علاج دم توڑ گئیں،دو روز قبل فردوس بیگم کو برین ہیمرج ہوا تھا۔

لالی وڈ کی سینئر اداکارہ فردوس بیگم کا اصل نام پروین تھا وہ 4 اگست 1947 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، ان کی عمر 73 سال تھیں، فلم نگری میں فردوس کے نام سے شہرت پانے والی پروین نے اپنی اداکاری کے باعث مداحوں کے دلوں اور سینما اسکرین پر خوب راج کیا۔فلم ملنگی، ہیر رانجھا، انسانیت سمیت ایک سو پچاس سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی فردوس کے مکالمے جہاں دلوں میں گھر کر جاتے وہیں ان کی فلموں کے گیت آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔معروف اداکارہ نے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔

فردوس بیگم کو پاکستانی فلم انڈسٹری کی ہیر بھی کہا جاتا تھا۔فردوس بیگم نے فنی سفر1963ء میں فلم فانوس سے کیا۔ 1965 میں ریلیزہونے والی ملنگی کامیاب ہوئی اورفردوس سپراسٹاربن گئیں۔ فلم اسٹار اکمل کے ساتھ جوڑی ہٹ ہوئی تو دونوں نے شادی کرلی۔ اکمل نے گلبرگ کے علاقے میں مارکیٹ خرید کراس کا نام فردوس مارکیٹ رکھا جوآج بھی بہت مقبول ہے۔1970ء میں فلم ہیر رانجھا نے فردوس کو سپراسٹار بنا دیا۔  ہیررانجھا میں فردوس کی اداکاری، ڈائیلاگ ڈلیوری اوررقص کو بہت سراہا گیا۔ فردوس کی جوڑی اکمل ، سدھیر، یوسف خان اوراعجاز درانی کے ساتھ مقبول رہی۔ فردوس بیگم نے 1976ء میں فلم انڈسٹری کو خیرباد کہا لیکن پھر 1984ء میں دوبارہ سلوراسکرین پر جلوہ گر ہوئیں، فردوس بیگم نے تین بار بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا، فردوس نے فلمسازشیخ نذیرحسین سے دوسری شادی کی۔

 

مزیدخبریں