توشہ خانہ ریفرنس:جج کا آصف زرداری کے وکیل پر اظہار برہمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت کے جج نے سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے طویل التوا کی درخواست مسترد کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت کی ۔سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ریفرنس میں طویل التوا کی درخواست کی جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہو ئے ریمارکس دئیے کہ ملزم کو دیکھنا چاہیے کہ وہ ایسا وکیل کرے جو اتنا زیادہ مصروف نہ ہو۔سپریم کورٹ ہمیں بھی روز سماعت کا کہتی ہے، گزشتہ چار سماعتوں سے گواہ پر جرح نہیں ہو رہی۔
وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا میں آصف زرداری کو کہتا ہوں کہ وہ اپنا وکیل بدل لیں، اور کیا کر سکتا ہوں۔جج احتساب عدالت نے کہا کہ جو بھی ہو، ترجیحات کا تعین آپ تو نہیں کر سکتےکہ کہاں کیس چلانا ہے اور کہاں نہیں۔بعدازاں عدالت نے فاروق نائیک کی طویل التوا کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کل نیب کو مزید گواہان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
احتساب عدالت نے حکم جاری کیا کہ نیب اپنے گواہان پیش کرے، ان کے بیانات ریکارڈ کرتے ہیں، فاروق نائیک کو جب فرصت ملے آکر جرح کر لیں۔عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی اور سابق آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ۔
دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد میں ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر بھی سماعت ہوئی،جج محمد اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔سابق صدر کے وکیل فاروق نائیک کی ریفرنس پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کو منظور کرتے ہوئےمزید سماعت 21 دسمبر تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔