افغان طالبان سیاسی کمیشن کے وفد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

Dec 16, 2020 | 15:24:PM

( 24نیوز) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے افغان طالبان سیاسی کمیشن کے وفد کی ملا عبدالغنی برادرکی سربراہی میں ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں شاہ محمود قریشی اور افغان طالبان سیاسی کمیشن کے وفدکیملاقات میں 12 ستمبرسے دوحہ میں شروع ہونے والے بین الافغان مذاکرات میں پیشرفت کے حوالے سے  بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان طالبان کے وفد کے ساتھ ہونے والی گزشتہ دو نشستیں انتہائی سود مند رہیں، دوحہ میں امریکا طالبان کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے میں، پاکستان نے اپنا ممکنہ مصالحانہ کردار ادا کیا، بین الافغان مذاکرات کے حوالے سے قواعد و ضوابط پر اتفاق انتہائی خوش آئند ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان شروع سے کہتا چلا آرہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کا واحد راستہ نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات کا انعقاد ہے، پاکستان افغانستان میں دیر پا اورمستقل قیام امن کا متمنی ہے، میں نے وقتاً فوقتاً مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے گفتگوکے دوران افغان امن عمل اور افغانستان کی تعمیر نو کیلئے عالمی برادری کے کردار کی ضرورت پر زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے امن و استحکام کے لئے لازم و ملزوم ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ کثیرالجہتی برادرانہ مراسم کے فروغ کا متمنی ہے، رواں سال محترم عبداللہ عبداللہ، گلبدین حکمت یار اور افغان ویلیوسی جرگہ کے ارکان پاکستان  آئے ان کے ساتھ سود مند ملاقاتیں ہوئیں، حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان افغانستان گئے وہاں بھی پاکستان نے یہی پیغام دیا کہ پاکستان افغانستان میں دیر پا اور مستقل امن کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ امن مزاکرات کے سلسلے میں طالبان سیاسی دفتر کے وفد نے گزشتہ سال اگست میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران پاک افغان امن مذکرات کے حوالے سے اہم پیش رفت بھی سامنے آئی تھیں۔

مزیدخبریں