کاروں، جیپوں اور دوسری گاڑیوں کی پیداوار میں مزید کمی 

Dec 16, 2020 | 19:33:PM

(24نیوز)ملک میں کاروں، جیپوں اور دوسری گاڑیوں کی پیداوار مزید کم ہو گئی،رواں مالی سال کے چار ماہ کے دوران گاڑیوں کی تیاری گزشتہ سال کے مقابلے میں 23 فیصد تک کم رہی، دو سالوں میں گاڑیوں کی پیداوار میں 62 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران 41 ہزار 544 کاریں اور جیپیں تیار ہوئیں، جو 2019 کی پیداوار سے 5 ہزار 731 اور 2018 سے 42 ہزار 107 کم ہیں، جولائی سے اکتوبر تک ٹرک گزشتہ سال کے مقابلے میں10 اعشاریہ 5 فیصد اور جبکہ اس دوران بسوں کی تیاری گزشتہ سال سے 23 فیصد اور 2018 کے مقابلے میں 53 فیصد کم رہی۔
رپورٹ کے مطابق رواںمالی سال چار ماہ کے دوران موٹر سائیکلوں اور تھری ویلرز کی تیاری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تو 15 فیصد اضافہ دیکھا گیا، تاہم 2018 کے مقابلے میں ان کی پیداوار بھی 10 فیصد کم رہی، رواں سال 8 لاکھ 11 ہزار موٹر سائیکل اور تھری ویلرز تیار کیے گئے، جو 2019 سے 1 لاکھ 9 ہزار زیادہ ہیں۔
پاکستان آٹو موٹیو ایسوسی ایشن کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران کاروں کی فروخت میں 2019 کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ دیکھا گیا، 2018 کے مقابلے میں فروخت 36.5 فیصد کم رہی، رواں مالی سال 5 ماہ میں مجموعی طور پر 55 ہزار 779 کاریں فروخت ہوئیں، جبکہ 2018 میں 87 ہزار 897 کاریں فروخت ہوئیں تھیں۔

مزیدخبریں