(24 نیوز) سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ ملک کے حالات دن بدن خراب ہو رہے ہیں اور خان صاحب کہتے ہیں کہ وہ ریلیکس کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وزیر اعظم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بنی گالہ کے نیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات وقت سے پہلے کروانے کا فیصلہ عمران خان حکومت کی گھبراہٹ کا اعلان ہے۔
مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ جو مرضی کہیں ان کے پاﺅں اکھڑ چکے، زمین پیروں تلے نکل چکی ہے۔ عمران خان ڈائیلاگ کے نام پر اپنے لئے این آر او کی بھیک مانگ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم پر عمران خان نے آج نیا پٹرول بم گرایا وہ انہیں این آر او نہیں دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آپ جلسہ کرنے کی بھڑکیں مار سکتے ہیں عوام کا سامنا نہیں کر سکتے۔ جن کے دن گنے جاچکے ہوں وہ ایسی ہی عجیب و غریب باتیں کرتے ہیں۔