غیرملکی سرمایہ کاری ،سٹیٹ بینک نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی

Dec 16, 2020 | 20:50:PM

(24 نیوز)غیرملکی سرمایہ کاری بڑھ نہیں رہی کم ہورہی ہے،سٹیٹ بینک نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں81 فیصدکمی ریکارڈ کی گئی۔نومبرمیں نئی سرمایہ کاری کی بجائے غیرملکی پہلی سرمایہ کاری سے بھی تین کروڑ62 لاکھ ڈالرزنکال کرلے گئے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم صرف38کروڑ93لاکھ ڈالررہا، جوگزشتہ سال اس عرصے سے1 ارب 63 کروڑ ڈالرکم ہے،نومبرمیں تونئی سرمایہ کاری کرنے کی بجائے غیرملکی سرمایہ کار3کروڑ62 لاکھ ڈالر نکال کرلے گئے۔رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبرتک پاکستان میں غیرملکیوں کی طرف سے نجی شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری کاحقیقی حجم71 کروڑ 71 لاکھ ڈالررہا، جوگزشتہ سال سے تقریباً15کروڑڈالرکم ہے۔اس دوران سٹاک مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری سے 18کروڑ 55 لاکھ ڈالراورحکومتی بانڈز اورٹی بلزمیں بیرونی سرمایہ کاری میں سے14کروڑ23لاکھ ڈالرکاانخلاریکارڈکیاگیا۔
رپورٹ کے مطابق5ماہ کے دوران پاورسیکٹرمیں26کروڑ92 لاکھ ڈالراورمالیاتی سیکٹرمیں13کروڑ45لاکھ ڈالرکی نئی سرمایہ کاری ہوئی،نومبرکے دوران چینی سرمایہ کاری سے بھی7کروڑ83 لاکھ ڈالرکی واپسی ہوئی، جس سے5 ماہ کے دوران پاکستان میں نئی چینی سرمایہ کاری کاحجم25 کروڑ 30 لاکھ ڈالررہ گیا،5 ماہ کے دوران برطانوی سرمایہ کارمجموعی طور پر 10 کروڑ 28 لاکھ ڈالر، اور امریکی سرمایہ کار 6 کروڑ 95 لاکھ ڈالر نکال کرلے گئے۔

مزیدخبریں