(24 نیوز)لاہورمیں سردی اور دھند کا راج، فیروز پور روڈ گجومتہ تا قصور حد نگاہ چند میٹر تک رہ گئی، شدید دھند کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور بعض کے اوقات کار تبدیل کرد یئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت مختلف شہروںکو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا،شہر میں شدید سردی اور دھند کے باعث فیروز پور روڈ گجومتہ تا قصور حد نگاہ چند میٹر تک رہ گئی، درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈپرآگیا،قومی شاہراہ پر چوہنگ، مراکہ، مانگا منڈی، پھول نگر اور جمبر میں ، پتوکی ، اختر آ باد، رینالہ خورد اور اوکاڑہ میں دھند کاراج ہے، قومی شاہرات پر ان ایریاز میں حد نگاہ30 سے 100میٹر تک ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سیدعمران احد نے کہاہے کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں ،روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،ترجمان کاکہناہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں،روڈ یوزرز معلومات اور مدد کےلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر یں، موٹروے پولیس کی ہمسفر ایپ سے بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔
لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف میں شدید دھند ہے، رن وے پر حد نگاہ 350 میٹر رہ گئی، بین الاقوامی پروازیں منسوخ جبکہ تین کے اوقات کار تبدیل کر دئیے گئے،ذرائع کے مطابق رن وے پر حد نگاہ میں کمی کے حوالے سے اے ٹی سی حکام کی تمام ائیرلائینز کو آگاہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ابوظہبی جانےوالی اتحادایئرکی پرواز ای وائے 244 اورلاہور سے شارجہ جانےوالی پرواز پی اے 412 کو منسوخ کردیا گیاجبکہ رات 1 بجے دمام سے آنے والی پرواز کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا،دمام سے آنےوالی فلائی ناز کی پرواز کل شام 6بجکر40 منٹ پر لاہور آئے گی،فلائی ناز کی پرواز ایکس وائے 884 انیس گھنٹے کی تاخیر سے رات 8بجکر40منٹ پر دمام روانہ ہو گئی۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ لندن سے آنےوالی برٹش ائیر کا شیڈول بھی تبدیل کردیاگیا،برٹش ائیر کی پرواز بی اے 259 ساڑھے تین گھنٹے کی تاخیر سے صبح 10بجکر20 منٹ پر لاہور آئے گی۔
لاہور میں شدید دھند، حد نگاہ چند میٹر تک رہ گئی،متعدد پروازیں منسوخ
Dec 16, 2020 | 22:37:PM