(24 نیوز) پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کی نا اہلیوں سے بچنے کے لیے قوم کو متحد ہونا ہو گا۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی کی مکاری اور عیاری سے نجات حاصل کرنی ہے تو قوم کھڑی ہو جائے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان میں لوگ مہنگائی میں پس گئے، کسانوں کو یوریا کھاد نہیں مل رہی، یہ حکمران دعوے کرتے ہیں کہ گندم کی بمپر پیداوار ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی سپلائی بند ۔۔ اپٹماکا حکومت کیخلاف بڑا اعلان
حمزہ شہبازنے کہا کہ حکمرانوں کو ڈالر کے ریٹ میڈیا سے پتہ چلتے ہیں، کہتے ہیں کہ صبح، دوپہر، شام گیس آئے گی، اب گیس آ ہی نہیں رہی، انہیں عوام کو مہنگائی کی اذیت میں ڈالنے کا حساب دینا ہو گا، آج قوم کے بچے بھوکے ہیں اور مریضوں کے پاس دوا کے پیسے نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان دنیا کا مہنگا ترین ملک۔۔ اسٹیٹ بینک نے بھانڈا پھوڑ دیا
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا برا وقت آنے والا ہے، انہیں بچوں کو بھوک میں مبتلا کرنے اور جھوٹ کا حساب بھی دینا ہو گا، یہ جھوٹے ہیں، ان کا محاسبہ کرنا ہو گا، یہ تماشہ کرتے ہیں کہ ان کے دور میں نون لیگ سے سستی موٹر وے بنی ہے، شرم کریں، آپ کے دور میں 1 کلو میٹر سڑک بھی نہیں بنی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سانحۂ اے پی ایس جب بھی آتا ہے، کلیجے پر چھری چلتی ہے، قوم کو دہشت گردی کے ناسور کے خلاف متحد ہونا ہو گا، مسلم لیگ ن نے اس ملک کو اندھیروں سے نکالا، ایٹمی طاقت بنایا، ہماری افواج نے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا۔