عمران خان، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے کس غیر آئینی کام کیلئے منتیں کرتے رہے؟

Dec 16, 2022 | 08:43:AM

(24 نیوز) سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے کونسے غیر آئینی کام کے لئے منتیں کرتے رہے، تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے۔

 عمران خان کے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ پر الزامات کا معاملہ، ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے کئی مرتبہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی درخواست کی، جس پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے انہی کے پیغام پر ان سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی کی ایک فرمائش نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو حیران کر دیا۔ صدر نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی منتیں کیں کہ ایک مرتبہ عمران خان سے ملاقات کر لیں، جس پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے صدر سے کہا کہ عمران خان تو ہمیں میر جعفر کہتے ہیں، انہوں نے پوچھا عمران خان کو میر جعفر سے ملاقات کی کیا ضرورت ہے۔

 صدر عارف علوی نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے درخواست کی کہ صرف ایک مرتبہ عمران خان کی بات کو درگرز کر دیں۔ جس کے بعد صدر عارف علوی کی درخواست پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے عمران خان سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں عمران خان کے خوشامدانہ رویے پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ حیران رہ گئے۔ عمران خان نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو کہا ہم پرانے دوست ہیں۔ وہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو پرجوش طریقے سے گلے لگا کر ملے۔

 ذرائع کے مطابق عمران خان نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے سامنے حلف اٹھا کر کہا میں آپ کو میر جعفر نہیں کہتا، آپ کو میر جعفر کہنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، میں میر جعفر نواز شریف اور شہباز شریف کو کہتا ہوں، آپ کا بہت احترام کرتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے کہا کہ آپ قومی اسمبلی تحلیل کروائیں، جس پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں یا فوج کوئی غیر آئینی کام نہیں کر سکتے۔ ملاقات میں کچھ دیر تک صدر بھی عمران خان کیساتھ موجود تھے۔ کچھ دیر بعد عمران خان اور جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی الگ ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو پرجوش طریقے سے رخصت کیا۔ عمران خان نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے کہا آپ سے دوبارہ ملیں گے۔ صدر نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی عمران خان سے دوسری ملاقات بھی کروائی۔ دوسری ملاقات میں بھی عمران خان نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے غیرآئینی درخواست کی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے دوبارہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے اسمبلی تحلیل کروانے کی درخواست کی۔ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے جواب دیا کہ فوج نیوٹرل رہنے کا اصولی فیصلہ کر چکی ہے۔ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے انکار پر عمران خان نے دوبارہ فوج مخالف مہم شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی رات عمران خان کو تھپڑ مارنے کی اطلاع جھوٹ تھی۔ کسی فوجی افسر کی جانب سے عمران خان سے کوئی بدسلوکی نہیں کی گئی۔ تحریک عدم کی رات عمران خان کی حکومت نے اسٹبلشمنٹ سے متعلق جھوٹے فسانے گھڑے، تحریک عدم اعتماد کی رات عمران خان کی حکومت نے منصوبہ بندی سے افواہیں پھیلائیں۔

مزیدخبریں