بشریٰ بی بی کو ملنے والے ایک سیٹ کی قیمت 3 ارب سے زائد ہے: عطا تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خاتون اول کو ملنے والے سیٹ کی قیمت 1 ارب سے زائد ہے، عمران خان نے سیٹ کی قیمت 58 لاکھ لگوا کر 29 لاکھ میں توشہ خانہ سے خرید لیا، خاتون اول کو ملنے والے ایک اور سیٹ کی قیمت 3 ارب سے زائد ہے، اس سیٹ کو بھی چند لاکھوں کے عوض خرید لیا گیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف کو بیچا نہیں جاسکتا، عمران خان نے توشہ خانے سے اربوں روپے کی کرپشن کی، جعلی رسیدوں سے کام لیا گیا، تحفے اپنے پاس رکھے جاسکتے ہیں مگر بیچے نہیں جاسکتے۔
عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ کہنا آسان ہے کہ میری گھڑی میری مرضی، ملک کے سربراہان کو نایاب تحفے پیش کئے جاتے ہیں، توشہ خانہ کے قوانین واضح ہیں، شرم کی بات ہے ایک گھڑی چور پاکستان کا وزیراعظم تھا، میری گھڑی، میری مرضی کہنے والے کو شرم آنی چاہیے تھی، اربوں کے تحفے کی قیمت لاکھوں روپے لگوا کر گھر لے جایا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے عطاتاڑ کو معاون خصوصی برائے داخلہ و قانونی امور مقرر کر دیا۔ عطا تارڑ کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔ عطا تارڑ کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔