پاکستانی قوم متحد ،بزدل دہشتگرد کبھی ہرا نہیں سکتے:نگران وزیرِاعظم
آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط ترکیا: انوار الحق کاکڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے سانحہ آرمی پبلک سکول کی نویں برسی پر پیغام میں کہا یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں،امن دشمنوں کے مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِاعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں،دشمن نے ہمارے مستقبل کوروندکردہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس قوم کے حوصلے پست کرنےکی ناکام کوشش کی،آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط ترکیاہے۔
نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نےمزید کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی،مجھ سمیت پوری قوم اپنے پھول سے بچوں کی اس عظیم قربانی پر آج انہیں یاد کرتی اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے،جس قوم میں شہیدطاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈرلوگ دوسروں کو بچانے کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کریں،اس قوم کو بزدل دہشتگرد کبھی ہرا نہیں سکتے۔دہشتگردوں اورپاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم شہبازشریف نےبھی سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا 16 دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے،ہم شہدا، ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے غم میں شریک ہیں۔