نیب نے فواد چودھری کوگرفتار کرلیا

Dec 16, 2023 | 12:31:PM

(24نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب ) نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کرلیا۔

نیب نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے ،وارنٹ کے متن کے مطابق فواد چودھری کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا اور انہیں اب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

قبل ازیں  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد سے نیب نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو وارنٹ کی تعمیل کرانے اور شامل تفتیش کرنے کی اجازت لے لی، جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود کی عدالت نے سماعت کی، نیب حکام اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے ،نیب حکام نے کہا کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق انکوائری میں فواد چودھری کی ضرورت ہے، چیئرمین نیب نے سیکشن 24 اے کے تحت فوادچودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: استحکام پاکستان پارٹی نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرا دی

 نیب حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ فوادچودھری جوڈیشل اور عدالت کی کسٹڈی میں ہیں، فوادچودھری سے وارنٹ تعمیل کرانے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے نیب حکام کو فوادچودھری سے وارنٹ کی تعمیل کرانے کی اجازت دے دی ، عدالت نے ہدایت کی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل فواد چودھری سے نیب وارنٹ پرتعمیل کرائے۔

یاد رہے کہ فواد چودھری کیخلاف جہلم تا پنڈ داد خان ڈوئل کیرج وے منصوبے پر انکوائری جاری تھی ، فواد چودھری پر منصوبے میں سیاسی اثرورسوخ استعمال کرنے اور اراضی خریدنے کا الزام ہے اور نیب راولپنڈی نے انہیں 13 نومبر کو طلب بھی کیاتھا۔

مزیدخبریں