بارش اور پہاڑوں پر برفباری ، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

Dec 16, 2024 | 09:20:AM

(24 نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

صبح کے اوقات میں ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر اور گرد و نواح میں بعض مقامات پر ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح کے اوقات میں سکھر، شکار پور، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں ہلکی دھند چھائے رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سانحہ اے پی ایس پشاور کے 10 سال مکمل،زخم آج بھی تازہ

 بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے،  تاہم کوئٹہ، چمن، زیارت، ژوب، پشین، چاغی، قلعہ عبداللہ اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اور قلات میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 اور زیارت میں منفی 6 ڈگری ،سبی میں 7 اور تربت میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا گیا ۔اس کے علاوہ  نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 2 اور چمن میں منفی 2 ڈگری ،گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 اور جیوانی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، سوات اور کرم میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں