سانحہ اے پی ایس نے قوم کو دہشتگردی کے ناسور کیخلاف متحد کیا، بلاول بھٹو زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول ( اے پی ایس) نے قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور دہشتگردی کے ناسور کیخلاف متحد کیا۔
سانحہ اے پی ایس پشاور کی برسی پر پیغام میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنائے گی،اے پی ایس سانحہ ملکی تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک ہے، شہید طلبہ اور سٹاف ممبرز کے اہل خانہ کے حوصلے اور بہادری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے، انتہا پسندی کے بنیادی اسباب کو تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی ہم آہنگی کے ذریعے حل کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خاتمے اور ملک بھر میں رواداری، تعلیم اور امن کو فروغ دینے کیلئے پیپلز پارٹی پرعزم ہے،انہوں نے کہا کہ آئیے آج اس افسوسناک دن کی برسی پر دہشتگردی سے پاک پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کریں۔ ایک ایسا پاکستان جہاں ہر بچہ بلا خوف و خطر خواب دیکھ سکے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے۔