(24 نیوز) سعودی عرب نے پاکستان کو منشیات کا سراغ لگانے کیلئے جدید آلات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے سعودی عرب کے اینٹی نارکوٹکس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل محمد ال قرنی نے ان کا استقبال کیا۔
محسن نقوی نے اینٹی نارکوٹکس ہیڈکوارٹر کے کنٹرول روم کا مشاہدہ کیا، وفاقی وزیر انسداد منشیات نے ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبے دیکھے اور سعودی حکام نے انسداد منشیات کے سلسلے میں محسن نقوی کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سعودی اینٹی نارکوٹکس پاکستان کے ادارے اے این ایف کے ساتھ رابطے میں ہے، اے این ایف کے ساتھ مستقل بنیادوں پر معلومات کا تبادلہ ہوتا ہے، سعودی عرب کی انفارمیشن پر حال ہی میں پاکستان سے منشیات کے 2 ملزم پکڑے گئے۔
بعدازاں محسن نقوی نے سعودی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس سے ملاقات کی جس میں انسداد منشیات کے حوالے سے باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں انسداد منشیات کے لئے دوطرفہ معاونت کے تحت مزید مؤثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس نے پاکستان کو منشیات کا سراغ لگانے کے لئے جدید ترین آلات کے حوالے سے تعاون کی پیشکش کی جبکہ وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے ڈی جی سعودی اینٹی نارکوٹکس کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات کی لعنت سے کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا، یہ اقوام عالم کا مشترکہ چیلنج بن چکا ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اینٹی نارکوٹکس کے حوالے سے تعاون جاری رکھے گا۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ نئی نسل کو نشے سے محفوظ ماحول دینے کیلئے بین الاقوامی سطح پر جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔