سٹیٹ بینک نے ہاؤسنگ قرضوں کیلئے رہن کے مسئلے کا حل فراہم کردیا

Feb 16, 2021 | 00:44:AM

(24نیوز)سٹیٹ بینک نے ہاؤسنگ قرضوں کیلئے رہن کے مسئلے کا بھی حل فراہم کردیا، سٹیٹ بینک نے زیر تعمیر مکانات کی ملکیتی دستاویزات مکمل ہونے تک بینکوں کو تیسرے فریق کی ضمانت قبول کرنے کی اجازت دے دی۔
اس سہولت کے بعد ایسے رعایتی مارک اپ کی سکیم کے تحت ہاؤسنگ قرضے حاصل کرنے کے خواہش مند ایسے افراد جن کے پاس ملکیتی دستاویزات نہ ہوں کسی تیسرے فریق کی ذاتی ضمانت سے بھی قرضہ لے سکیں گے تاوقتیکہ کہ ضمانتی دستاویزات مکمل نہ ہوجائیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق زیر تعمیر سستے مکانات کی ادھوری دستاویزات کی وجہ سے بینکوں اور قرض داروں کو مشکلات کا سامنا ہے اس مشکل کو دور کرنے کیلئے سٹیٹ بینک نے تیسرے فریق کی ذاتی ضمانت قبول کرنے کی اجازت دےدی ہے۔ تیسرے فریق کی ضمانت زیادہ سے زیادہ ایک سال کیلئے کارآمد ہوگی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اس اقدام سے مارک اپ سبسڈی کی سرکاری سکیم کے تحت مکاناتی ملکیت کا حصول آسان ہوگا۔ درخواست گزاروں کو مکاناتی قرضے کے حصول میں فی الحال مشکلات کا سامنا ہے خاص طور پر سستے مکانات کے ضمن میں، کیونکہ جو مکان ابھی مکمل نہ ہوا ہو یا جس کے کاغذات نامکمل ہوں، اس کا خطرہ مول لینے میں بینک ہچکچا رہے ہیں۔
ہاؤسنگ یونٹ کی تکمیل اور مارگیج کی تشکیل میں وقت لگتا ہے۔ درخواست گزاروں اور بینکوں کے لیے اس مسئلے کے حل کی غرض سے سٹیٹ بینک نے اس عرصے کے دوران زیادہ سے زیادہ ایک سال تک کیلئے تیسرے فریق کی ضمانت قبول کرنے کی اجازت دی ہے۔

مزیدخبریں