بھارت:وٹس ایپ نئی پرائیویسی پالیسی پر سپریم کورٹ کا مرکزی حکومت سے جواب طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بھارت کےسپریم کورٹ نے وٹس ایپ کی نئی رازداری پالیسی کے خلاف دائر درخواست پر وٹس ایپ اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے ، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس وی رما سبرمنیم پر مشتمل ڈویژن بنچ نے الیکٹرونک اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے توسط سے مرکزی حکومت ، وٹس ایپ اور فیس بک کو چار ہفتوں میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔عدالت نے کہا ہے کہ نئی رازداری پالیسی کے بعد ہندوستانی عوام میں پرائیویسی کے بارے میں کافی تشویش پائی جاتی ہے۔ جسٹس بوبڈے نے کہا کہ آپ بھلے ہی اربوں ڈالر کی کمپنی ہوں گے لیکن لوگوں کے لئے رازداری کی اہمیت پیسے سے زیادہ ہے۔سپریم کورٹ نے درخواست گزاروں کی جانب سے اس دلیل کی بھی حمایت کی جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں ڈاٹا کے تحفظ سے متعلق کوئی قانون موجود نہیں ہے۔عدالت نے کہا کہ ہم دلیل سے متاثر ہیں اور اس طرح کا قانون بننا چاہئے۔