ٹریفک حادثہ، عدالت کاملزم کےڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کرانے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اسلام آباد میں 4 افراد کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کے معاملے پر سابق رکنِ قومی اسمبلی اور موجودہ وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کی عبوری درخواستِ ضمانت پر سماعت کے دوران اسلام آباد کی عدالت نے ملزم کے ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج شیخ محمد سہیل نے کیس کی سماعت کی۔ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد میں سے 3 کے لواحقین سے راضی نامہ ہو چکا ہے۔ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ قابلِ ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، لہٰذا ملزم کی ضمانت منظور کی جائے۔سرکاری وکیل نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ملزم کے پیش کردہ لائسنس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، 3 افراد کی حد تک راضی نامہ ہوا ہے تو ورثاء کے بیانِ حلفی سامنے نہیں آئے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ ایک متوفی کے ورثاء سے ملزم کا کوئی راضی نامہ نہیں ہوا ہے، 4 افراد کی جان گئی ہے، ضمانت کی درخواست منسوخ کی جائے۔ جج نے حکم دیا کہ پولیس ملزم کی جانب سے پیش کردہ لائسنس کی آج ہی تصدیق کرائے۔اسلام آباد کی عدالت نے کیس کی سماعت آج 2 بجے دوپہر تک کے لیے ملتوی کر دی۔