تبدیلی کے نام پر ووٹ دینے والے آج شرمسار ہیں، نثار کھوڑو

Feb 16, 2021 | 21:01:PM

(24 نیوز)پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ تبدیلی کے نام پر پی ٹی آئی کوووٹ دینے والے آج شرمسار ہیں،26 مارچ کو ملک پر مسلط عوام دشمن حکومت کے خلاف لانگ مارچ شروع کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سینٹ ٹکٹوں پر پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کے اختلافات نے تبدیلی سرکار کا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔وزیراعظم کو اپنے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سے قبل ہی سینٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم اور وفاقی حکومت پر ان کے اراکین اور اتحادیوں کا اعتماد نہیں رہا۔پی ٹی آئی کی مصنوعی اکثریت اب جلد اقلیت میں تبدیل ہوتی نظر آئے گی۔ 
انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات کے بعد وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا راستہ ھموار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ عدم اعتماد کا راستہ ھموار ہونے کی بڑی وجہ پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کا عمران خان پر مزید اعتماد نہ کرنا بنے گی۔ عمران خان کی ڈوبتی کشتی میں ان کے ہی لوگ اب مزید سوار رہنا نہیں چاہتے۔
پیپلزپارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہیں کے وہ ملک بچانے کے لئے پی ڈی ایم کا ساتھ دیں۔عالمی دنیا کی مثالیں دینے والے وزیراعظم صاحب 26 مارچ کو لاکھوں عوام راستوں پر نکل کر آپ کے خلاف فیصلہ دے دینگے اور ان کا آواز آپ کو سننا پڑے گا۔ملک کے کونے کونے سے عام آدمی کا بھی یہ ہی آواز ہے کے اب عمران خان اور ان کی حکومت نہیں چاہئے۔ وزیراعظم صاحب اس سے پہلے کے عوام آپ کو اقتدار سے نکالے آپ خود اقتدار چھوڑدیں۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ ملک میں مسائل کا واحد حل قبل از وقت انتخابات ہیں۔ اس عوام دشمن حکومت کو ہٹا کر تمام جمہوری سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نگران حکومت قائم کی جائے جو کے 3 ماہ میں ملک میں شفاف انتخابات کرائے۔ شفاف انتخابات کے نتیجے میں جو جماعت اکثریت حاصل کرے اس کو حکومت بنانے کا حق حاصل ہو۔ 

مزیدخبریں