(ویب ڈیسک)بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر بھوپال میں 37 سالہ شخص محمد محبوب نے انوکھا کام کر ڈالا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں 37 سالہ محمد محبوب پیشے سے بڑھئی ہیں اور شہر کے علاقے برکھیڑی کی ایک دکان میں کام کرتے ہیں۔محبوب نے ریلوے ٹریک پر پھنسی ایک لڑکی کی جان بچائی مگر خود اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ یہ لڑکی سامان لے جانے والی ایک ٹرین کے نیچے سے گزر رہی تھی جب اس ٹرین نے چلنا شروع کردیا۔
اس لڑکی نے مدد کے لئے پکارا اور محبوب جوکہ پاس ہی موجود تھے، فوراً ٹرین کے نیچے کود پڑے اور لڑکی کو وہیں محفوظ رکھا۔ اس دوران ٹرین کی کئی کوچیں ان دونوں کے اوپر سے گزریں۔ ٹرین گزر گئی اور محبوب اور وہ لڑکی دونوں محفوظ رہے جو کسی معجزے سے کم نہ تھا۔
محبوب نے اس بارے میں کہا ہے کہ ’’یہ کام اللہ کی مدد سے ہوا ہے۔ جب لڑکی نے مدد کے لئے پکارا تو میں اس سے قریب 30 فٹ دور تھا۔ وہاں 30 سے 40 لوگ دیکھ رہے تھے لیکن میں نے محسوس کیا کہ اسے مدد کی ضرورت ہے۔ مجھے یہی کرنا چاہیے تھا اور میں نے یہی کیا۔‘‘
انہوں نے اس بارے میں بہت کم لوگوں کو بتایا ہے کیونکہ وہ خود بھی نہیں چاہتے تھے کہ زیادہ لوگ اس بارے میں جانیں لیکن گزشتہ کچھ دنوں میں ان کی زندگی اچانک بدل گئی ہے اور لوگ مسلسل ان کے گھر آکر انھیں مبارکباد دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انڈین گانے پر عامر لیاقت کی نئی دلہن کیساتھ ایک اور ویڈیو وائرل
محبوب نے کہا ہے کہ ’’جب میں ٹریک پر لیٹا ہوا تھا تو میں نے لڑکی کا سر اپنے ہاتھ سے ڈھکا ہوا تھا کیونکہ وہ ڈر سے اپنا سر اٹھانے کی کوشش کر رہی تھی۔وہاں سے اٹھنے کے بعد وہ لڑکی اپنے بھائی کے پاس دوڑتی ہوئی گئی۔ محبوب کہتے ہیں کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہوں نے اس مشکل صورتحال میں لڑکی کی مدد کی۔وہ کہتے ہیں کہ ‘‘میں نے وہی کیا جو اس وقت میرے دل نے کہا۔‘‘
محبوب نے جس لڑکی کی جان بچائی اس کا نام سنیہا گور ہے اور وہ بھوپال کی ایک نجی کمپنی میں سیلز پرسن کے طور پر کام کرتی ہیں،سنیہا نے اب تک محبوب سے ملاقات تو نہیں کی ہے لیکن انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ محبوب نے ان کی جان بچائی ۔
یہ بھی پڑھیں: گینگ ریپ کا شکار بہن کیساتھ بھائی نے ایسا سلوک کیا کہ انسانیت بھی شرما جائے