صومالیہ کے دارالحکومت میں فوج پر حملے،6اہلکار ہلاک

Feb 16, 2022 | 18:43:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشیو میں فوج پر "حرکت الشباب" تنظیم کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

العربیہ اور الحدث نیوز چینلز  کی رپورٹ کے مطابق دو خود کش حملہ آوروں نےموغادیشیوکے اطراف فوج کے دو مراکز کو نشانہ بنایا۔صومالیہ حکومت کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیم حرکت الشباب نے بدھ کو علی الصباح موغادیشیو کے نواحی علاقوں میں پولیس فورس اور چیک پوائنٹس پر حملے کئے۔ اس سے قبل صومالیہ کے داخلی امن کے وزیر عبداللہ نور نے بتایا تھا کہ آج صبح سویرے دارالحکومت موغادیشیو شدید فائرنگ اور زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ اپنی ٹویٹ میں نور کا کہنا تھا کہ "دہشت گردوں نے موغادیشیو کے نواح میں حملہ کیا اور پولیس مراکز اور چیک پوائنٹس کو نشانہ بنایا۔ ہمارے اہل کاروں نے دشمن کو ہزیمت سے دوچار کر دیا"۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ القاعدہ تنظیم کے ساتھ مربوط حرکت الشباب ملک میں مرکزی حکومت گرانے کے لئے کوشاں ہے۔ یہ وقتا فوقتا حکومتی اہداف پر حملے کرتی رہتی ہے۔تازہ ترین کارروائی پر ابھی تک حرکت الشباب کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی شہزادے پرجنسی حملے کا الزام، عدالت سے باہر 1 کروڑ پائونڈ میں معاملہ طے

مزیدخبریں