(24 نیوز)لاہور قلندرز کا حصہ بننے والے زمبابوین کرکٹڑ سکندر رضا کا کہنا ہے کہ جتنی بھی لیگز کھیلی ہیں ان میں سے سب سے بہتر معیار پاکستان سپر لیگ کا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر سکندر رضا بٹ نے کہا کہ ٹائٹل کے دفاع کیلئے لاہور قلندرز کو پہلے سے بھی بہتر کرکٹ کھیلنا ہوگی، قلندرز کے سکواڈ میں وہ تمام اجزاء موجود ہیں جو ایک ٹیم کو چیمپئن بننے کیلئے درکار ہیں، سکندر رضا کا کہنا تھا کہ ایک میچ ایک رن سے جیتا گیا، دوسرا میچ دو رنز سے، اب اس سے زیادہ سخت مقابلہ اور کیا ہوسکتا ہے؟ ابتداء میں ایسے زبردست میچز لیگ کیلئے کافی فائدہ مند ہیں۔
سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے زمبابوے کے سٹار کرکٹر 2018 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرچکے ہیں اور اس بار وہ لاہور قلندرز کا حصہ ہیں، سکندر رضا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ میں قلندرز کا حصہ بننے پر خوش ہیں، ایک بار پھر کرکٹ کیلئے پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے کیوں کہ یہاں پلیئرز کا بہت خیال رکھا جاتا ہے، سکندر نے کہا کہ وہ ان جذبات کو کرکٹ پر حاوی نہیں کرتے کہ پاکستان ان کی پیدائش کا ملک ہے بلکہ وہ لاجک کے ساتھ کرکٹ کھیلنا پسند کرتے ہیں۔
لاہور قلندرز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سکندر رضا بٹ نے کہا کہ وہ اس فرنچائز کا حصہ بننے پر خوش ہیں، لاہور قلندرز نے اعزاز کے دفاع کی مہم میں حصہ بنایا ہے جو کافی خوشی کی بات ہے،ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے تو پہلے سے بھی بہتر کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ ٹیم میں چیمپئن بننے کی صلاحیت ہے، فرنچائز کا ماحول بہت زبردست ہے، امید ہے ٹیم سیزن میں اچھا کھیلے گی۔
سکندر کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز بہت زبردست ہوا ہے، شروع میں دو بڑے اچھے میچز ہوئے، یہ ٹورنامنٹ کیلئے بہت اچھی بات ہے، اس طرح کے میچز سے فینز ٹورنامنٹ کیلئے مزید پرجوش ہوجاتے ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اب تک جتنی بھی لیگز کھیلے ہیں ان میں پاکستان سپر لیگ کا معیار سب سے بہتر ہے، آئی پی ایل اب تک نہیں کھیلے، اب کھیلنے جائیں گے جس کے بعد وہاں کی کرکٹ دیکھیں گے لیکن پوری دنیا یہی مانتی ہے کہ پی ایس ایل دنیا کی دو بہترین لیگز میں سے ایک ہے۔