(ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے سابق بولر اور کمنٹیٹر این رافیل بشپ نے پاکستان کی جانب سے پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری کرنے والی ویمنز ٹیم کی کرکٹر منیبہ علی کیلئے تعریفی ٹوئٹ کی ہے۔
این بشپ نے اپنے مصدقہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے منیبہ علی کی کارکردگی پر تالیوں والا ایموجی بنایا اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا ’منیبہ پر پورے پاکستان کو فخر کرنا چاہیئے اور ہوگا‘۔
اس کے علاوہ سابق پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے بھی منیبہ علی کی اننگز پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے منیبہ علی کی اس سنچری کو شاندار قرار دیا۔
واضح رہے کہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان کی منیبہ علی نے آئر لینڈ کے خلاف 66 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی۔
منیبہ کی اننگز میں 14 چوکے شامل تھے اور انہوں نے مجموعی طور پر 68 گیندوں پر 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے 102 رنز کی اننگز کھیلی۔
منیبہ پاکستان کی جانب سے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری اسکور کرنے والی پہلی بیٹر بن گئی ہیں۔