پاکستان میں کھیلنا چیلنج ہے جس کیلئے پُرجوش ہوں، ریسی ون ڈرڈسن

Feb 16, 2023 | 13:30:PM
پاکستان میں کھیلنا چیلنج ہے جس کیلئے پُرجوش ہوں، ریسی ون ڈرڈسن
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل جنوبی افریقی کرکٹر ریسی ون ڈر ڈسن کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 میں ٹیموں کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں کافی سخت مقابلہ ہوگا، ابتدائی دو میچز میں ہونے والے مقابلے نے اس کی ایک جھلک دکھا دی ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹر نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ بالآخر پاکستان سپر لیگ کھیل پا رہے ہیں کیوںکہ اس سے پہلے دو بار منتخب ہونے کے باوجود بھی وہ کسی نہ کسی وجہ سے لیگ کھیلنے سے محروم رہ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنا ایک چیلنج ہے اور وہ اس چیلنج کیلئے کافی پُرجوش ہیں، یہاں پہلے ٹیسٹ سیریز کھیل چکے ہیں، گو کہ وہ مختلف بال کی کرکٹ تھی مگر اس سے کنڈیشنز کا اندازہ ہو گیا تھا کہ یہاں کس طرح بیٹنگ کرنی ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹر نے کہا کہ انہیں پاکستان پسند ہے اور یہاں کے لوگ کافی مہمان نواز ہیں، پہلےکورونا وائرس سے متعلق پابندیاں تھیں لیکن اس بار ان کے پاس موقع ہے کہ وہ لوگوں سے ملاقات کرسکیں۔

ریسی ون ڈر ڈسن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی ٹیم جارح مزاج کرکٹ کھیلتی ہے، ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اسلام آباد کے برانڈ آف کرکٹ کے سانچے میں خود کو ڈھالیں، ٹیم کے لیے تسلسل کے ساتھ پرفارم کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ انفرادی اہداف زیادہ اہمیت کے حامل نہیں ہیں، زیادہ اہم یہ ہے کہ وہ اس اسکواڈ کا حصہ ہوں جو ٹائٹل جیتیں، کوشش ہوگی کہ ذمے داری کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ایسی کارکردگی دکھائیں جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔