(اقصیٰ سجاد) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں کل سے بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی۔
شہر لاہور میں سرد ہوائیں چلنے کا سلسلہ برقرار ہے جبکہ سورج کی تیز کرنوں سے سردی کی شدت میں کمی محسوس ہونے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ ہفتے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر میں فضائی آلودگی بڑھنے لگی، ائیرکوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 225ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈی ایچ اے فیز 8 میں آلودگی کی شرح358 ریکارڈ، شاہراہ قائداعظم 204، خانہ سلیم فرہنگ میں شرح 378ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ ماہرین کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 17 فروری سے 21 فروری کے دوران ملک کے بالائی، وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیاتکے مطابق 17 فروری کی رات سے 21 فروری کے دوران مری،گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤ الدین، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور قصور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: کپل شرما کی نادر علی کو فون کال، ساتھ کام کرنے کی خواہش کردی
18 اور 19 فروری کو ملتان، بھکر، کوٹ ادو، لیہ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا بھی امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے جبکہ بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 17 فروری سے 20 فروری کے دوران چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر، کرک، خیبر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش کی توقع ہے۔سندھ میں 18 سے 20 فروری کے دوران آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بونیر، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اِس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ 17 فروری کی رات سے 21 فروری کے دوران گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
کشمیر میں وادیِ نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران چند مقا مات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔