(راؤ دلشاد) 2024ء کے عام انتخابات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی مزید 6 نشستیں مل گئیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 92 بھکر سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے رشید اکبر نوانی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔
اسی طرح پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92 اور 93 بھکر سے کامیاب عامر عنایت شاہانی اور پی پی 272 مظفر گڑھ سے جیتنے والے رانا عبدالمنان نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 205 خانیوال سے اکبر حیات ہراج اور پی پی 212 خانیوال سے اصغر حیات ہراج کا بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمان کا آئندہ وزیراعظم کیلئے کسی کو ووٹ نا دینے کا فیصلہ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئیر نائب صدر اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، رشید اکبر نوانی، احمد نواز نوانی، عامر عنایت شاہانی، رانا عبدالمنان، اکبر حیات ہراج اور اصغر حیات ہراج نے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آزاد ارکان اسمبلی نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف، شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پاکستان، عوام اور پنجاب کیلئے خدمات تاریخی ہیں۔ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت اور قابل عمل ایجنڈا صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے۔ اپنے حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
مریم نواز شریف نے آزاد ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا کہ آپ کے جذبے اور قومی سوچ کی قدر کرتے ہیں، آپ نے تعمیر پاکستان کے قافلے میں شمولیت اختیار کی، آپ کی حمایت پاکستان اور عوام کو مشکلات سے نکالنے میں بڑی مددگار ہوگی۔