(یاسر راجپوت) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 15 مانسہرہ سے میاں نواز شریف کی عذرداری بحال کردی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نواز شریف کی این اے 15 پر عذرداری کی بحالی کی درخواست پر سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی، نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
جہانگیر جدون نے مؤقف اختیار کیا کہ میری تاخیر سے آمد پر عذرداری مسترد کی گئی، این اے 15 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہیں ہوئی، کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی کے بغیر فارم 47 جاری کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: شاہ محمود قریشی نےسائفر کیس میں سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے این اے 15 کی رپورٹ جمع کروائی ہے، رپورٹ کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 کی بنیاد پر فارم 47 جاری کیا گیا، جس پر وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیں موقع دے، ثابت کریں گے کئی پولنگ سٹیشنز کے ووٹ نہیں گنے گئے، ہمارے پاس تمام پولنگ سٹیشنز کے اوریجنل فارم 45 موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کی درخواست سننے کی استدعا منظور کرلی، این اے 15 مانسہرہ پر نواز شریف کی عذرداری کی سماعت 20 فروری کو ہوگی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوار شہزادہ گستاسب کامیاب ہوئے تھے۔