پی ٹی آئی کا مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا۔
قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی وطن پارٹی کے ساتھ انتخابات میں دھاندلی پر بات چیت ہوئی، ایک نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنا ہے، بانی پی ٹی ائی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا حکم جاری
انہوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سے بھی جمعہ کوملاقات کی، ہم چاہتے ہیں ملک میں ہم آہنگی اور مفاہمت ہو، مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی نے بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے، فارم 45ثبوت ہیں کہ ہمارے امیدوارجیتے ہیں مگر فارم 47میں نتائج تبدیل کیے گئے، ہر 5 سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اور متنازع ہوجاتے ہیں، انتخابات کا مقصد فوت ہوگیا ہے، جمہوری اصولوں پر قائم رہتے ہوئے الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے انصاف مانگتے ہیں۔
دوسری جانب آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ اس انتخابات کے بعد معاشی استحکام نہیں آ سکتا، جبکہ قومی وطن پارٹی کے رہنما سکندر حیات نے کہا کہ تحریک انصاف کے سیاسی مذاکراتی عمل کو خوش آمدید کہتے ہیں، انتخابات پر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمیں بھی خدشات ہیں۔