(24نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا خوف نیازی حکومت کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سید ناصر حسین شاہ نےعمران خان کے ایک نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو کے بیان ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنما صدر زرداری کو ٹارگٹ کرتے ہیں لگتا ہے کہ عمران خان زرداری صاحب کی سیاست سے گھبرا گئے ہیں۔عمران خان ’سلیکٹڈ ‘کے بعد ’کارنرڈ ‘ وزیراعظم لگتے ہیں۔ این آر او کی روزانہ بات کرکے عمران خان عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں ۔ عمران خان کس این آر او کی بات کرتے ہیں؟ وہ جو جنرل مشرف کے دور میں این آر او ہوا اسے تو سپریم کورٹ نے ختم کردیا تھا۔ این آر او دینا عمران خان کے اختیار میں ہی نہیں عمران خان سلیکٹڈ کے بعد اب ’کارنرڈ‘ وزیراعظم کہلوا رہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے مزیدکہا کہ عمران خان کو شکایت ہے کہ محمد علی درانی کو ڈائیلاگ کا ٹاسک دینے سے متعلق ان سے پوچھا تک نہیں گیا۔ عمران خان کی بے بسی قابل ترس ہے ۔ اب تو عمران خان کو اپنی ٹیم تنہا چھوڑتی جارہی ہے۔