(24نیوز) الیکشن کمیشن نے سینٹ انتخابات کے حوالے سے صدارتی ریفرنس کی مخالفت کر دی۔ الیکشن کمیشن نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ سینٹ انتخابات آئین کے تحت ہی ہوتے ہیں۔ آئین کے آرٹیکلز 59، 219 اور 224 میں سینٹ انتخابات کا ذکر ہے آرٹیکل 226 کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے سوا تمام انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہونگے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے بھی سینٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس کی مخالفت کر دی۔ جماعت اسلامی نے تحریری موقف سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔ جواب میں کہا گیا کہ اوپن بیلٹ کیلئے صرف قانون نہیں آئین میں بھی ترمیم کرنا ہوگی۔ سینٹ انتخابات کیسے کرانے ہیں فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنے دیا جائے۔ سینٹ انتخابات پر آئین کے آرٹیکل 226 کا اطلاق ہوتا ہے۔جواب میں مزید کہا گیا کہ سینٹ امیدواروں کو صادق اور امین ہونا چاہئے. ووٹ خریدنے والا امیدوار صادق اور امین نہیں ہوسکتا. ارکان اسمبلی کی صوابدید ہے وہ ووٹ کس کو دیں۔