(24نیوز)ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف نے ملک بھر میں نئی مردم شماری کرانے کے فیصلے پر اتفاق کر لیا ، گورنرسندھ کا کہنا ہے کہ یہ شہریوں کےلئے ایک اچھی خبر ہے اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ میں وفاقی وزیر امین الحق کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی ہے
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں تحریک انصاف کا اعلیٰ سطح کا وفد ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچا،ایم کیو ایم کے ارکان رابطہ کمیٹی نے وفد کا استقبال کیا،ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آج دونوں جماعتوں نے دوبارہ مردم شماری کرانے کے فیصلے کی تجدید کی ہے ۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ یہ شہریوں کےلئے اچھی خبر ہے کہ مردم شماری جلدی دوباراہ کرانے کا فیصلہ ہوا ہے ، اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ مردم شماری پچھلی حکومت کی دور میں ہوئی تھی جس پر کئی سوالیہ نشان تھے لیکن پچھلی حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ، موجودہ حکومت نے وفاقی کابینہ میں اس سلسلے میں امین الحق کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے جیسے ہی وہ کمیٹی نئے مردم شماری کرانے پر اپنی سفارشات دے گی حکومت اس پر اپنے اقدامات عمل میں لائے گی ،
ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے معاملے پر جو کچھ نہیں کر سکے کم سے کم وہ احتجاج ہی کر لیں ، جس جماعت نے مردم شماری کےخلاف پٹیشن داخل کر کے واپس لے لی اب وہ کس منہ سے احتجاج کر رہے ہیں ۔
ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کا نئی مردم شماری کرانے پر اتفاق
Jan 16, 2021 | 19:19:PM