بلاول اپنی نالائقی اور نااہلی کا ملبہ دوسروں پر نہ ڈالیں،شبلی فراز

Jan 16, 2021 | 20:52:PM

(24 نیوز)وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی اتنے لاعلم ہیں کہ انہیں پتہ ہی نہیں کہ ان کے صوبے میں دو ہزار 25 ملین کیوبک فٹ گیس پیدا ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل بلاول دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کو پتہ ہی نہیں انکے اپنے صوبے میں دو ہزار 25 ملین کیوبک فٹ گیس پیدا ہوتی ہے۔ اس میں 1784 ملین کیوبک فٹ سندھ استعمال کرتا ہے جبکہ 200 ملین کیوبیک فٹ پاور اور فرٹیلائزرز پلانٹس کو مہیا ہوتی ہے۔ صرف ایک سو دس ملین کیوبک فیٹ سندھ سے باہر جاتی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ غریبوں اور مزدوروں کے حقوق کا راگ الاپنے والوں نے پنشنرز تک کو نہیں بخشا۔ آپ کے وزیر اعلی کے ماتحت محکمہ خزانہ میں سوا 2 ارب کا فراڈ پنشنرز فنڈ میں سامنے آیا۔ جعلی پنشنرز اور جعلی اکائونٹ بنا ئے گئے۔ 95 فیصد جعلی بینک اکائونٹس کا کھرا آپ کے وزیر اعلی کے آبائی ضلع دادو میں جاتا ہے۔ قوم نہیں بھولی جب آپ نے گندم کو ریلیز نہ کرکے گندم کی قلت پیدا کی اور سندھ کے عوام کو مہنگا آٹا بیچا۔ 
وزیراطلاعات نے کہا کہ غریب کی کٹیا اجاڑ کر سوئس اکاونٹس بھرے اور سرے محل تعمیر کئے۔ بلاول بھٹو الیکشن کمیشن کو دھمکانے کی بجائے اپنی جماعت کی فارن فنڈنگ کے حوالے سے جواب دیں۔ بنڈل آئی لینڈ پر ہونے والی تعمیروترقی وفاق کی جانب سے سندھ کے عوام کے لئے تحفہ ہوگی۔جب سیاست اہلیت کی بجائے وراثت کی بنیاد پر ملے تو یہی حال ہوتا ہے جو آج پی ڈی ایم کا ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ چکی ہے۔ذاتی مفادات کے دفاع کی تحریک میدانوں، مرکزی شاہراہوں سے سمٹ کر گلی محلوں اور تنگ و تاریک چوراہوں تک محدود ہو چکی ہے۔ بلاول صاحب آپ کی سیاست جھوٹ فریب اور کرپشن پر مبنی ہے۔

مزیدخبریں