کراچی بلدیاتی انتخابات: پیپلز پارٹی کو برتری،جماعت اسلامی کا دوسرا نمبر

پی ٹی آئی 40 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پرآگئی

Jan 16, 2023 | 12:34:PM

(24نیوز)کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سےالیکشن کمیشن نے 235 یوسیز کے مکمل نتائج جاری کردیئے،چئیر مین اور وائس چئیر مین کی دوڑ میں پیپلز پارٹی کو برتری،پیپلزپارٹی 93 نشستوں کے ساتھ آگے۔

جماعت اسلامی 86 نشستوں کے ساتھ دوسرے ،پی ٹی آئی 40 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پرآگئی، مسلم لیگ ن 7 یوسیز جیت گئی ،جے یوآئی تین جبکہ تحریک لبیک دو اور ایم  کیو ایم حقیقی ایک ایک  یوسی جیتنے میں کامیاب،تین یونین کمیٹیوں سے آزاد امیداور کامیاب ہوئے،11 یوسیز پر امیدوران کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہوئی۔

لیاری ٹاؤن

لیاری ٹاؤن کی 13 میں سے 12 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 11 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لی ہیں اور  پی ٹی آئی ایک نشست پر کام یاب ہو سکی ہے۔

صدر ٹاؤن کی تمام 13 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں پی ٹی آئی اب تک 8 نشستیں حاصل کر چکی ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے صدر ٹاؤن کی 4 نشستیں حاصل کی ہیں، صدر ٹاؤن کی ایک نشست تحریک لبیک نے حاصل کی ہے۔

ملیر ٹاؤن کی 10 میں سے 5 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں، ان میں سے چار پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے، گلبرگ ٹاؤن کی 8 نشستوں میں سے 3 کے نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ تینوں نشستیں جماعت اسلامی نے جیت لی ہیں۔

 لیاقت آباد ٹاؤن کی ایک نشست کےنتائج سامنے آئے ہیں جو جماعت اسلامی نےجیتی ہے جب کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڑی پور کی 3 نشستوں میں سے 2  پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے۔

ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کیماڑی کی 2 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے ایک ایک نشست جیتی ہے جب کہ ابراہیم حیدری ٹی ایم سی سے ایک نشست پیپلز پارٹی نے جیتی ہے۔

 خرم شیر زمان کو شکست

کراچی کے الیکشن کا اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ، تحریک انصاف کراچی کے صدر اور کراچی سے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان یوسی کا الیکشن ہار گئے ہیں،خرم شیر زمان کو صدر ٹاؤن یوسی 11 سے  پیپلز پارٹی  کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، نجمی عالم نے اس نشست پر دو ہزار 696 ووٹ حاصل کئے۔

خرم شیر زمان اس علاقے سے 10سال سے ایم پی اے ہیں اور انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے میئر کا امیدوار بھی قرار دیا جا رہا تھا، رکن صوبائی اسمبلی ہونے کے باوجود وہ یوسی چیئرمین کی نشست پر لڑ رہے تھے۔

حیدرآباد میں تیر چل گیا

الیکشن کمیشن نے حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے  میں 160 یوسیز میں سے 152 کے نتائج مکمل جاری کردیئے ،حیدرآبادمیں  پیپلزپارٹی کے 31 بلامقابلہ سمیت 94 چئیرمین اور وائس چئیرمین کے امیدوار کامیاب ہوگئے ، پیپلزپارٹی نے مئیر بنانے کی اکثریت سے زائد یوسیز حاصل کرلیں،  پی ٹی آئی 39 یونین کمیٹیز جیت کر دوسرے نمبر پر، جماعت اسلامی کا ایک اور تحریک لبیک پاکستان کے 2 امیدوار کامیاب ہوئے،  16 آزاد امیدوار بھی کامیابی سمیٹ چکے ہیں۔

حیدرآباد کے نو ٹائونز میں سے آٹھویں ٹاؤن کا مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ،حسین آباد ٹاؤن میں بھی پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری،حسین آباد ٹاؤن کی 18 یوسیز میں سے  پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور وائس چئیرمین 12 یونین کمیٹیز پر کامیاب،حسین آباد ٹاؤن میں تحریک انصاف 2 یونین کمیٹیز اپنے نام کرسکی،ٹاؤن حسین آباد کی 3 یونین کمیٹیز پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

 اندرون سندھ میں بھی پی پی آگے

پیپلز پارٹی نے دادو، مٹیاری، جام شورو، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول کی ضلع کونسلوں میں برتری حاصل کر لی جب کہ  ٹنڈو الہ یار میونسپل کمیٹی میں بھی میدان مار لیا۔

میونسپل کمیٹی دادو، بول ہاری، مٹیاری، جوہی، کوٹری اور سیہون شریف میں بھی پیپلز پارٹی سب سے آگے ہے۔ میونسپل کمیٹی میہڑ میں لیاقت جتوئی کے حمایت یافتہ پی ٹی آئی کے امیدواروں نے برتری حاصل کر لی۔

سیہون

وزیراعلیٰ سندھ کے حلقے میں بھی پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا، سیہون کی تمام نشستوں پر جیالوں نے کلین سویپ کیا، ایک میونسپل کمیٹی، ایک ٹاؤن کمیٹی، 10 یوسی  چیئرمین اور 10 ضلع کونسل کی سیٹوں پر بھی جیالے امیدوار کامیاب ہو گئے، مراد علی نے شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اوران کا کل سیہون جانے کا بھی پروگرام ہے۔

سجاول

سجاول کے ضلع بھر کی 253 بلدیاتی نشستوں میں سے 161 نشستوں پر بلا مقابلہ امیدواروں کے کامیاب ہونے اور دو امیدواروں کے انتقال کر جانے کے بعد گزشتہ روز 90 نشستوں پر مختلف جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں پیپلز پارٹی کے 35 امیدوار اکثریت سے کامیاب ہوئے، جے یو آئی ف کی ایک سیٹ، ایک آزاد امیدوار بھی نشست جیت گیا۔

ٹھٹھہ

ٹھٹھہ میں بلدیاتی الیکشن کی120 نشستوں پر غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے 38 نشستوں کے ساتھ میدان مار لیا، 2 آزاد امیدوار جیت گئے، میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ کے 9 وارڈز، ٹائون کمیٹی مکلی کے7 وارڈز، گھارو کے 8 وارڈز، گھوڑا باری کے2 وارڈ اور گاڑھو کے3 وارڈ پر پی پی نے کلین سوئپ کیا ہے۔

میرپور ساکرو ٹاؤن

میرپور ساکرو ٹاؤن پر بڑا سیاسی اپ سیٹ سامنے آیا ہے دو وارڈ پر پر پی پی امیدواروں کو شکست کا سامنا رہا جبکہ صرف ایک وارڈ پر پی پی امیدوار کامیاب ہوا ہے۔

بدین

ضلع بدین میں پیپلزپارٹی 63 نشستوں کیساتھ پہلے نمبر پر، جی ڈی اے 3، پی ٹی آئی اور جے یو آئی ایک ایک سیٹ جیت سکی۔

میہڑ

میونسپل کمیٹی میہڑ کے تمام 14 وارڈوں میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا اور 9 نشستیں اپنے نام کرلیں۔ پی پی پی 4 نشستیں حاصل کرسکی۔ پی پی پی(شہید بھٹو) بھی ایک سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

دادو

ضلع دادو میں پیپلزپارٹی 26 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، پی ٹی آئی نے 6 نشستیں حاصل کیں۔

مٹیاری

مٹیاری میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پیپلزپارٹی نے 29 سیٹیں جیت لیں جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔

ٹنڈو محمد خان

ٹنڈو محمد خان میں پیپلز پارٹی 24 سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، تحریک انصاف کی دو نشستیں ، ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔

جامشورو

ضلع جامشورو میں پیپلز پارٹی 24 نشستوں کے نمبر ون ، 6 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

 نتائج غیر معمولی تاخیر کا شکار

کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی کے بعد بھی نتائج آنے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی، الیکشن کمشنر سندھ نے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں کو ہنگامی مراسلہ لکھا۔

 الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا ہےکہ سیاسی جماعتوں نےفارم 1 ،11 پولنگ ایجنٹس کونہ دینےکی شکایات کی ہیں، آراو کے ذریعے پریزائیڈنگ افسران کو فارم 11 ، 12 پولنگ ایجنٹس کو دیئے۔

مزیدخبریں