پشاور: سینئر وکیل لطیف آفریدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

Jan 16, 2023 | 14:22:PM

This browser does not support the video element.

(24 نیوز) پشاور میں سینئر وکیل عبدالطیف آفریدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔

لطیف آفریدی پر ہائیکورٹ بار روم میں فائرنگ ہوئی ہے۔ فائرنگ سے لطیف آفریدی شدید زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

بعدازاں لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف آفریدی کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

ضرور پڑھیں :راولپنڈی: بچوں کے سامنے وکیل کا بہیمانہ قتل

ذرائع کے مطابق لطیف آفریدی کو متعدد گولیاں لگی تھیں جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی تھی۔پولیس کے مطابق لطیف آفریدی پر فائرنگ کرنے والے شخص عدنان کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا ہے جو اپنے آپ کو وکیل بتاتا ہے۔

ایل آر ایچ کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق سینئر وکیل لطیف آفریدی کو مردہ حالت میں ایل آر ایچ لایا گیا تھا جنھیں متعدد گولیاں لگی تھیں۔

لطیف آفریدی کا جسد خاکی ایمبولینس کے ذریعے آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے،وزیر اعظم نے کہا ہے کہ لالہ عبدالطیف آفریدی کا بیہمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے ،خیبرپختونخوا حکومت یہ دہشت گردی کرنے والوں کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دلائے،خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،عبدالطیف آفریدی نے تمام عمر آئین کی سربلندی، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کی ۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وہ ایک اعلی قانون دان اور بہادر سیاسی راہنما تھے ،مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت پر انہیں یونیورسٹی سے نکال دیاگیا تھا،وہ حق کی بات ڈنکے کی چوٹ پر کرتے اور نتائج کی پرواہ نہیں کرتے تھے ،افسوس آج آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی ایک توانا آواز خاموش ہوگئی ،لالہ عبدالطیف آفریدی کی سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی ،اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

مزیدخبریں