(24 نیوز) اسرائیلی فوج کی غزہ میں رات گئے اسپتالوں،اسکول اور گھروں پر شدید بمباری،غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں زخمی کراٹے چیمپئن نغم ابو سمرہ شہید ہوگئیں۔
عرب میڈیا کے مطابق 24 سالہ نغم ابو سمرہ 17 دسمبر کو اسرائیلی فضائی حملے میں زخمی ہوئی تھیں، ان کی ایک ٹانگ ضائع ہوگئی تھی، رپورٹ کے مطابق زخمی خاتون کراٹے چیمپئن کو علاج کے لئے مصر منتقل کرنے کی بھی اجازت نہیں مل سکی تھی، حملے میں ان کی بہن بھی شہید ہوئی تھی۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں رات گئے اسپتالوں،اسکول اور گھروں پر شدید بمباری کی، خان یونس میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی قابض فوج سے جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں مزید 134 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ،7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے،مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 5 فلسطینی شہید، 5 زخمی ہوگئے، دو گھر گرا دئیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق جارح اسرائیلی فوج نے نابلس کی ایک یونی ورسٹی سے متعدد طلبا کو گرفتار کرلیا، دوسری جانب تل ابیب کے نزدیک یہودی بستی پر حملے میں ایک اسرائیلی ہلاک، 18 زخمی ہوگئے، اسرائیلی فورسز نے حملے کے شبہ میں 2 فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔
جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ کی قیادت فلسطینی کریں گے:اسرائیلی وزیر دفاع
جنوبی غزہ میں جاری فوجی آپریشن خاتمے کے قریب ہے، اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلینٹ کا ایک تازہ بیان سامنے آگیا، کہتےہیں کہ جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ کی قیادت فلسطینی کریں گے۔
اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلینٹ نے کہا غزہ میں فلسطینی رہتے ہیں اس لئے مستقبل میں فلسطینی ہی اس پر حکومت کریں گے،یہ ایسے وقت میں ہے کہ گزشتہ روز غزہ جنگ میں اہداف حاصل نہ ہونے پر وزیر دفاع کی کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نیتن یاہو سے تلخ کلامی ہوئی تھی،جس میں وزیر دفاع یوآو گیلینٹ نے نیتن یاہو کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔