پی ٹی آئی انتخابی نشان سے محروم مگر امید ابھی باقی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف انتخابی نشان سے تو محروم ہوچکی ہے لیکن ابھی تک الیکشن کمیشن کی طرف سے رجسٹرڈ جماعتوں کی فہرست میں موجود ہے۔
بلے کا نشان تو گیا، کیا پی ٹی آئی کی پارلیمانی قوت برقرار رہ سکے گی؟ اس سوال کے جواب کی تلاش میں جہاں عمران خان فالوورز ہیں تو عوام بھی ہیں ۔ آئین اس متعلق خاموش ہے کہ آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے والے ایسی سیاسی جماعت میں شامل ہو بھی سکیں گے یا نہیں جس سے انتخابی نشان واپس لے لیا گیا ہو۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ آئین آزاد حیثیت میں کامیاب امیدواروں کو سرکاری گزٹ میں نام شائع ہونے کے تین روز میں کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کی اجازت دیتا ہے۔سینئر قانون دان انور منصور کے مطابق الیکشن کے بعد آزاد حیثیت سے جیتنے والے امیدواروں کے پاس پی ٹی آئی میں شمولیت کا آپشن موجود ہے۔
ضرور پڑھیں:بانی پی ٹی آئی کا توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیسز میں جیل ٹرائل چیلنج
تاہم سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کی رجسٹرڈ جماعتوں کی فہرست میں موجودگی پرحیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نشان سے محروم سیاسی جماعت کی رجسٹریشن بھی منسوخ ہو جاتی ہے اور آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار نہیں کرسکتے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی الیکشن ٹھیک طرح نہ کروانے پر انتخابی نشان سے محروم کردیا ہے۔پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا اور بلا واپس مل گیا،لیکن الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ،سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو ’بلے‘کے نشان سے محروم کردیا ۔