بھارتی پنجاب کے فلمی ستاروں کی کرتارپور صاحب آمد، پاکستانی فنکاروں نے والہانہ استقبال کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(زین مدنی) بھارتی پنجاب کے فلمی ستارے دربار صاحب کرتار پور پہنچے جہاں پاکستانی فنکاروں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
بھارتی وفد میں اداکار ہریش ورما، شرن کور، جسکرن گل، چندر کمبوج، راج ویندر، بلجیت سنگھ، سپن اور دیگر شامل تھے۔
پاکستانی فنکاروں کے وفد میں اداکارہ روبی انعم، قیصر پیا، سردار کمال، اظہر بٹ، آصف اقبال اور شجر عباس نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ بھارتی فنکاروں کے وفد نے دربار صاحب کرتار پور پر حاضری دی، ماتھا ٹیکا اور لنگر کھایا۔
یہ بھی پڑھیے: ریشم خان نے رحم دلی کی مثال قائم کردی
خیال رہے کہ فلم ’ڈرامے آلے‘ کی کاسٹ بھارتی اور پاکستانی فنکاروں پر مشتمل ہے جن میں اداکار قیصر پیا، سردار کمال، آصف اقبال، شاہد خان، روبی انعم، ہریش ورما اور شرن کور شامل ہیں۔
فلم ’ڈرامے آلے‘ 19 جنوری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں ریلیز کی جارہی ہے۔ فلم کے بھارتی اداکار ہریش ورما، شرن کور، جسکرن سنگھ اور جندر کمبوج فلم کی پروموشن کیلئے خاص طور پر کرتار پور آئے۔ مذکورہ فلم کی شوٹنگ لندن اور پاکستان میں کی گئی ہے۔
فلم کے لکھاری اور ڈائریکٹر چندر کمبوج ہیں جبکہ پروڈیوسر جسکرن سنگھ اور اظہر بٹ ہیں۔
اداکار ہریش ورما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر سکون ملا، خوش قسمت ہیں یہاں آئے ہیں، آج کرتار پور آنا، ہماری یادوں میں ہمیشہ رہے گا، محبتوں کا یہ سلسلہ یونہی جاری رہنا چاہیئے۔
اس موقع پر بھارتی اداکارہ شرن کور نے کہا کہ کرتار پور کی خوبصورتی بیان کرنا مشکل ہے، کرتار پور پہلی بار آئی ہوں، یہاں آنا ایک خواب لگتا تھا۔