(ویب ڈیسک) پارا چنار میں راستوں کی بندش کی وجہ سے اشیاء خورو نوش کی قلت ہے، جس کی وجہ سے ٹماٹر ، پیاز اور دیگر سبزیاں مزید مہنگی ہو گئی ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ پاراچنار شہر میں 16 کلو گھی 11 ہزار، چینی بوری 10 ہزار، چائے 2100 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔
ٹماٹر 750 روپے، پیاز 600 روپے، ہری مرچ 1000 روپے، ٹینڈا،گوبھی، اور کچالو بھی 500 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔ پارا چنار میں بڑا گوشت 1500 روپے جبکہ چھوٹا گوشت 3 ہزار روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
عوام کے مطابق مالٹا فی درجن 900 روپے کے حساب سے فروخت ہونے لگا ہے، زندہ مرغی 800 روپے جبکہ گوشت 2 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ قیمتوں کی چیک اینڈ بیلنس کیلئے کسی نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں : برائلر مرغی کا گوشت مہنگا، انڈے سستے ہو گئے
شہریوں کا کہنا تھا کہ متعدد میڈیکل اسٹور میں 50 روپے کی پیناڈول بمشکل 200 روپے میں مل رہی ہے، متعدد پیٹرول پمپ پر فی لیٹر پیٹرول 700 روپے جبکہ مختلف مقامات پر ہزار روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ضرورت کی اشیاء خریدنا عوام کے بس سے باہر ہو گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پاراچنار کی جانب اشیاء خورو نوش کی دیگر گاڑیوں کی روانگی آج متوقع ہے۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ 200 سے زائد گاڑیاں ٹل میں رکی ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز 101 گاڑیوں کی فہرست دی تھی لیکن صرف 25 گاڑیاں پارا چنار پہنچیں۔