چھوٹی گاڑیوں کی الیکٹرک ٹیکنالوجی پرمنتقلی کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی تجویز

ای وی پالیسی سالانہ 6 بلین ڈالر کا ایندھن بچائے گی،اویس لغاری کی فرانسیسی سفیرسے گفتگو 

Jan 16, 2025 | 15:44:PM

(اویس کیانی)وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے اسلام آباد میں ملاقات کی،اس موقع پروفاقی وزیر توانائی نے فرانس کے گرین فنڈ کے تحت پاکستان میں چھوٹی گاڑیوں کی الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقلی کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی تجویز دےدی۔

وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے اسلام آباد میں ملاقات کی،اس موقع پروفاقی وزیر نے فرانسیسی سفیر کو بتایا کہ پاکستان نے ای وی پالیسی متعارف کردی ہے جو سالانہ 6 بلین ڈالر کے ایندھن کی بچت اور ماحول کی حفاظت یقینی بنائے گی،فرانسیسی سفیرنے پاکستان کے پاور سیکٹر کی آئی پی پیز کے ساتھ مؤثر مذاکرات اور معاہدوں کی خوش اسلوبی سے نظر ثانی کی تعریف کی۔

سرداراویس لغاری نے اس موقع پرکہاکہ حکومت پاکستان جلد بجلی کی وِیلنگ پالیسی متعارف کروا رہی ہے،اضافی بجلی کی نیلامی کا بھی منصوبہ بنایا جا رہا ہے،غیر جانبدار بورڈز ریکوری میں بہتری اور لائن لاسز کو کم کر رہے ہیں،حکومت شمسی توانائی کو فروغ دے رہی ہے اور پاکستان میں سولر انقلاب آ چکا ہے۔

 اویس لغاری نے مزیدکہاکہ حکومت پاکستان تمام اصلاحات بہت شفاف طریقے سے کر رہی ہے،ان اصلاحات کی بدولت پاور سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں،پاکستان قابل تجدید توانائی اور سبز منصوبوں میں نمایاں پیشرفت کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق

فرانسیسی سفیرنے اس موقع پر کہاکہ فرانس پاور سیکٹر کی تمام اصلاحات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے،فرانس ای وی اور دوسری اصلاحات کو مالی معاونت فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔ 

ملاقات کے دوران پاور سیکٹر کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

مزیدخبریں