بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات،عمران خان نے بھی تصدیق کر دی

Jan 16, 2025 | 15:58:PM

(24نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کر دی۔

اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی جس میں صحافیوں نے ان سے بیرسٹر گوہر اور آرمی چیف کی ملاقات کے بارے میں پوچھا جس پر انہوں نے تردید کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے تفصیلات پتہ نہیں ہیں،عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند بات ہے، اگر کوئی بات چیت شروع ہوئی ہے تو یہ خوش آئند ہے، یہ پاکستان کیلئے اچھا ہے، ہم چاہ رہے تھے کہ مذاکرات ہوں، اس میں پاکستان کے استحکام کی بات ہو گی۔

 عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو ہم سے بات کرنی چاہیے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ مذاکرات بند ہیں، ہمیشہ بات چیت کا کہا، دوسری طرف سے دروازے بند تھے، اب اگر بات چیت شروع ہوئی ہے تو پاکستان کے ہی استحکام کیلئے بات ہو گی۔

دوسری جانب چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام معاملات اور مطالبات رکھے ہیں،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری اور علی امین گنڈاپور کی ملاقات آرمی چیف سے علیحدگی میں ہوئی، اسٹیبلشمنٹ سے براہِ راست مذاکرات خوش آئند ہیں۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے اپنے تمام مسائل آرمی چیف کے سامنے رکھے،انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ملکی استحکام کے حوالے سے تمام امور پر بات چیت ہوئی، امید ہے اب صورتِ حال بہتر ہو جائے گی۔

بانی پی ٹی آئی کی تصدیق سے قبل جب بیرسٹر گوہر سے صحافیوں نے آرمی چیف سے ملاقات کا سوال کیا تھا تو انہوں نے اس کی تردید کی تھی۔

مزیدخبریں