حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات ان کی اپنی مرضی سے نہیں ہو رہے، سراج الحق

Jan 16, 2025 | 23:05:PM
حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات ان کی اپنی مرضی سے نہیں ہو رہے، سراج الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات ان کی اپنی مرضی سے نہیں ہو رہے، اسٹیبلشمٹ کے دباؤ کے نتیجے میں دونوں پارٹیوں نے مذاکرات شروع کئے ہیں اور ان مذاکرات کے نتائج برآمد ہوتے نظر نہیں آ رہے۔

علی پور چٹھہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ خود حکومت میں ایسی لابیاں موجود ہیں جو مذاکرات کو مذاق بنانے کے درپے ہیں،پی ٹی آئی میں بھی ایسے لوگ شامل ہیں جو مذاکرت کے خلاف ہیں،دونوں پارٹیاں صرف وقت گزارنا چاہتی ہیں، سابق امیر جماعت اسلامی کا کہناتھا کہ جب تک اسٹیبلشمنٹ چاہے گی یہ حکومت چلے گی،جس رات اسٹیبلشمنٹ نے حکومت کو رخصت کرنا چاہا، پی پی پی اور ن لیگ کی راہیں جدا ہو جائیں گی۔ان کاکہناتھا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ مذاکرات کی حامی رہی ہے۔

سابق امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ حماس کے معاہدے نے امریکہ اور اسرائیل کے عزائم پر پانی پھیر دیا ہے،قطر میں ہونے والے معاہدہ کو ہم خوش آئند سمجھتے ہیں،ان کا کہناتھا کہ کل جماعت اسلامی نے پورے ملک میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے،سیاست ڈائیلاگ اور صبر کا نام ہے جبکہ گزشتہ دس سالوں سے سیاست نہیں انتقام جاری ہے،اسمبلیوں میں غلیظ گالیوں کو سیاست کا حصہ بنایا یہ مہذب لوگوں کو زیب نہیں دیتا، پارلیمنٹ میں دونوں پارٹیوں کی آپس میں گالیوں کی وجہ سے عوام سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں۔ 

سراج الحق نے کہاکہ بجلی کے بلوں میں اضافہ ظالمانہ ہے، یہ صرف آئی ایم ایف کے کہنے پر ہو رہا ہے،عوام ٹیکس بھی دیں گے اور حکومت کے ہاتھوں نچوڑے بھی جائیں گے،اس حکومت نے 25 کروڑ عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا ہے۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - پنجاب
ٹیگز: