کسانوں کو بلاسود قرضے، 17 جولائی کو جیتنے کے بعد مفت بجلی دینگے،مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے اسلامی کارڈ بھی کھیلا، اس نے ہم سب پر توہین مذہب کے الزام لگائے، اس نے جھوٹے الزامات لگوا کر احسن اقبال پر گولیاں چلوائیں، کنٹینر پر کھڑے ہوکر آئین شکن کہتا ہے اسلامی ٹچ تو دو، سیاست میں مذہب کو استعمال کرنے والے سے بڑا مجرم کوئی نہیں ہوتا، کسانوں کو بلاسود قرضے، 17 جولائی کو جیتنے کے بعد مفت بجلی دیں گے ۔
ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ حمزہ شہباز نے غریب کیلئے100 یونٹ فری کیے، یہ فٹا فٹ 100 مفت یونٹ روکنے کے لیے عدالت چلا گیا، کوئی بات نہیں 17 جولائی کو جیتنے کے بعد مفت بجلی دیں گے، کسانوں کوچھوٹے بلاسود قرض دیں گے، پنجاب کے ٹیوب ویلوں کو سولر پر شفٹ کریں گے، نوجوانوں کو دوبارہ لیپ ٹاپ دیں گے، وعدہ کرو، 17 جولائی کو شیر پر مہر لگانا۔
انہوں نے کہا کہ ملتان والو، سلمان نعیم کو مبارکباد دیتی ہوں، ملتان کا جذبہ بتا رہا ہے سلمان جیت چکا ہے، ملتان اولیا کرام کی دھرتی ہے، کل شہباز شریف نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، خواتین کو اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر خون بڑھ گیا ہے، ملتان کے عوام کی محبت کو کبھی نہیں بھولوں گا۔انہوں نے کہا کہ آج بہت ضروری باتیں کرنی ہیں درمیان میں چھوڑ کر نہ جانا، قیمتیں کم ہونے پر اڑھائی، 3 ماہ بعد سکون کی نیند سوئی، آج نواز شریف نے کہا قوم کو خوشخبری سنانا، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر مزید کم کریں گے، عمران خان بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، مسلم لیگ نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بارودی سرنگیں ہٹا دی ہیں، آنے والے دنوں میں قوم کے لیے اچھی خبریں آئیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان کی سڑکوں پر وافر مقدار میں سستا آٹا مل رہا ہے، انشا اللہ 17 جولائی کو معرکہ ہونے جارہا ہے، ملتان سے شیر کی آواز آئے گی، مسلم لیگ کے ساتھ یاری نبھاو¿ گے ناں،17 جولائی کو الیکشن نہیں پنجاب کو لوٹنے والوں کے ساتھ جنگ ہے، خیبرپختونخوا بارشوں میں ڈوبا ہوا ہے، یہ پنجاب میں روز جھوٹ بول کر چلا جاتا ہے، میں اس شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی، 2018 میں جھوٹے شخص نے جنوبی محاذ کا ڈرامہ رچایا تھا، اس نے جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بنانا تھا، اس نے کوئی نیا سکول، ہسپتال نہیں بنایا، خدارا عمران قوم سے جھوٹ مت بولو، جنوبی پنجاب کو اس نے تنہا چھوڑ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ کہتا ہے امریکا نے سازش کردی، سپریم کورٹ نے سازش کا بھانڈہ پھوڑ دیا، اس سازش کی آڑ میں اس نے پورے پاکستان میں انتشار، آگ پھیلانے کی کوشش کی، ہمیں چور، ڈاکو کہا گیا، چیئرمین نیب کو ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرتا رہا لیکن چور، ڈاکو ثابت نہ کرسکا، الزام لگانا آسان لیکن ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے، کھسیانی بلی والا منہ لٹکا کر کہتا ہے طاقت ور قانون سے بالاتر ہوتا ہے، جب سے حکومت سے نکلا روز اس کا سکینڈل آتا ہے، نواز شریف نے سی پیک بنایا اس نے جی پیک بنایا، سارا پنجاب کا پیسہ ان کی جیبوں میں گیا، راتوں رات لکھ پتی سے ارب پتی ہوگئے، اس کی آدھی کابینہ امپورٹڈ تھی، جیسے ہی اقتدارگیا اس کی آدھی کابینہ غائب ہوگئی، اس کے امپورٹڈ راتوں رات بھاگ گئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ ادارے اس کی انگلی پکڑ کر چلائیں تو اچھے، جس دن ادارے آئین کا ساتھ دیں تو غلط ہوجاتے ہیں، آج الیکشن کمیشن قانون کے تحت چل رہا ہے تو برا ہوگیا، عدالتیں سوموٹولیتی ہیں تو بڑی تکلیف ہوتی ہے، اس نے اسلامی کارڈ بھی کھیلا، اس نے ہم سب پر توہین مذہب کے الزام لگائے، اس نے جھوٹے الزامات لگوا کر احسن اقبال پر گولیاں چلوائیں، کنٹینر پر کھڑے ہوکر آئین شکن کہتا ہے اسلامی ٹچ تو دو، سیاست میں مذہب کو استعمال کرنے والے سے بڑا مجرم کوئی نہیں ہوتا، اپنی جماعت کا نام تحریک انصاف رکھا ہے، نہ تحریک ہے نہ انصاف ہے، اس نے انصاف کے نام پر بڑے بڑے دھبے لگائے ہیں، جسٹس قاضی فائز کو اس نے انتقام کا نشانہ بنایا، عمران خان تمہیں شرم آنی چاہیے نام رکھا ہے تحریک انصاف، نواز شریف کو چورکہا اور اقامہ نکالا، قوم کو ملے ہوئے تحفے بیچ کر کھا گیا اور دندناتا پھر رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا، میرا قصور مظلوم باپ کے ساتھ کھڑے ہونا تھا، سزائے موت کی چکی میں باتھ روم کی دیوار نہیں تھی، جب جیل میں قرآن پاک کے لیے ٹیبل مانگی تو انکار کیا گیا، آج عمران خان کو جوابی ٹویٹ میں کہا کیا سزائے موت کی چکی کی تصویریں بھجوا دوں؟، جب ہم کہتے تھے تاریخ کا پہیہ گھومتا ہے اس وقت تم فرعون بنے پھرتے تھے، اپنی ہار نظر آنے پر کہتا ہے ایکس، وائے، زیڈ ہونے لگا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی وہ ہوتی ہے جب باپ، بیٹی جیل سے الیکشن لڑے، دھاندلی وہ ہوتی ہے جب ہمارے امیدواروں کو (ن) لیگ کا ٹکٹ چھوڑنے کا کہا جائے، دھاندلی وہ ہوتی ہے جب نواز شریف، مریم کی تقریر پر پابندی لگتی ہے، یہ تو دندناتا پھرتا ہے اور تقریریں کرتا ہے، پنجاب اور تحریک انصاف کے نوجوانوں کو پیغام دیتی ہوں یہ فتنہ بازی کے لیے آپ کو استعمال کر رہا ہے، اس کے اپنے بچے لندن بیٹھے ہیں، ایسا شخص نوجوانوں کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا، اس نے نوجوانوں کو ایندھن کی طرح استعمال کیا، ایسا شخص قوم کا ہمدرد نہیں ہوسکتا۔
انہوںنے کہاکہ لڑائی جھگڑا نہیں چاہتی، ملک آگے بڑھنا چاہیے، نرم مزاج ہوں لیکن جہاں قوم کی بات آئے گی منہ توڑ جواب دینا آتا ہے، لوگوں کو چور، چور ڈاکو کی گردانیں پڑھاتا رہا، ہم نے تین نسلوں کا جواب دیا، یہ کہتا ہے میرے تحفے میری مرضی، میں تو پنجاب کی ترقی کے لیے ووٹ مانگ رہی ہوں، یہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کے لیے ووٹ مانگ رہا ہے، تحریک انصاف والو شیر کو مت ووٹ دینا لیکن اپنا ووٹ عمران کو دے کر ضائع نہ کرنا، بہت ہوگئی بدتہذیبی خدا کے واسطے ملک کو ترقی کرنے دو، تحریک انصاف کے نوجوانوں کو کہتی ہوں آؤ مریم نواز کا ساتھ دو۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا چودھری نثار کو ٹیلی فون ،بھانجے کی وفات پر اظہار افسوس